گوپال گنج:13/مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بہار کے گوپال گنج ضلع میں پولیس کی وردی کو داغدار کئے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ایک عاشق مزاج اسسٹنٹ انسپکٹر (ایس آئی) کو دیہاتیوں نے ایک خاتون کے گھر میں قابل اعتراض حالت میں پکڑا اور اس کی جم کر پٹائی کر دی۔ گوپال گنج کے پولس سپرنٹنڈنٹ نے ملزم ایس آئی کو فوری طورپرمعطل کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق، کچائے کوٹ تھانہ میں ایس آئی کے عہدے پر تعینات پردیومن سنگھ سرسیا گاؤں میں واقع ایک خاتون کے گھر اکثر جاتا تھا۔گذشتہ رات ایس آئی جب خاتون کے گھر پہنچا تو کچھ دیہاتیوں نے اسے دیکھ لیا، شک ہونے پر دو درجن سے زیادہ دیہی خاتون کے گھر پہنچ گئے، جہاں ایس آئی لنگی اور گنجی میں مشتبہ حالت میں نظر آئے، بعد میں دیہاتیوں نے ایس آئی کو باہر نکالا اور اس کی جم کر پٹائی کر دی، کچھ لوگوں نے ویڈیو بھی بنا کر وائرل کر دیا، جس میں ایس آئی لوگوں سے معافی مانگتا دکھائی دے رہا ہے۔ اس واقعہ کی اطلاع تھانہ کو دی گئی۔